ہم اپنے پچھلے سبق میں پڑھ چکے ہیں کہ ویب سائٹ مختلف قسم کی فائلز کو ایک جگہ جمع کرنے کا کام ہے جیسے ٹیکسٹ (لکھائی) ، آڈیو ، ویڈیو اور تصاویر ۔ ان فائلز کو ایک کمپیوٹر میں رکھا جاتا ہے جسے ویب سرور کہتے ہیں تاکہ پوری دنیا سے لوگ ہماری ویب سائٹ کو دیکھ سکیں اور اُس سے فائدہ اُٹھا سکیں۔ ایک ایسی ویب سائٹ جس تک دنیا کی رسائی ہو اُس کے لیے دو چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک تو اُس ویب سائٹ کا نام یعنی ڈومین نیم (Domain Name) اور دوسری چیز ویب سرور یا ویب ہوسٹنگ (Web Server or Web Hosting)

ہم روز انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں لیکن یہ جانے بغیر کہ انٹر نیٹ کام کس طرح کرتا ہے۔ اس سبق میں ہم انٹر نیٹ سے متعلق کچھ بنیادی چیزیں سیکھیں گے۔

انٹرنیٹ اصل میں ہزاروں ، لاکھوں کمپیوٹرز کا جال ہے۔ یہ کمپیوٹرز مختلف مقامات پر موجود لیکن ایک دوسرے سے منسلک ہوتے ہیں۔ جس کے ذریعے ہر طرح کی معلومات ہر وقت ہر شخص تک پہنچ جاتی ہے۔ یہ کمپیوٹرز جن میں معلومات رکھی ہوتی ہیں ویب سرور(Web Server) کہلاتے ہیں اور ہمارے کمپیوٹر جو اُن معلومات کو حاصل کرتے ہیں یہ کلائنٹ Client(گاہک) کمپیوٹر کہلاتے ہیں۔

آج کے جدید اور ترقی یافتہ دور میں تقریباً ہر گھر میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے۔ اس کے علاوہ جدید اسمارٹ فونز، جن کے ذریعے ہر ایک ہر وقت انٹر نیٹ سے منسلک ہے۔ سوشل میڈیا ہو جیسے فیس بک، گوگل پلس اور یوٹیوب وغیرہ یا کسی پڑھائی کے سلسلے میں، آفس کے کسی کام کی وجہ سے یا کسی دینی مسئلے کو جاننے کے لیے، آج ہر ایک اپنے اوقات کا بیشتر حصہ انٹرنیٹ پر گزارتا ہے۔ اب تو گھروں میں خواتین کھانوں کی ترکیب بھی انٹرنیٹ سے دیکھتی ہیں۔

تو کیوں ناں آپ بھی اپنی پسند کی ویب سائٹ بنا کر خود بھی اُس سے فائدہ اُٹھائیں اور دنیا کو بھی فائدہ پہنچائیں۔ یہ ویب سائٹ کسی بھی موضوع پر ہو سکتی ہے، اگر آپ کے پاس کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ ہے اور انٹر نیٹ کی سہولت بھی موجود ہے تو آپ بھی اپنی پسند کی ویب سائٹ بنا سکتے ہیں۔

ہم ان اسباق میں بنیادی چیزوں سے شروع کر کے ایک مکمل ویب سائٹ تک کے تمام مراحل بتائیں گے ۔ صرف یہی نہیں ہم آپ کو یہ بھی بتائیں گے کہ دنیا تک آپ اپنی ویب سائٹ کن کن ذرائع سے پہنچا سکتے ہیں یعنی مارکیٹنگ کس طرح کی جائے گی اور سب سے آخر میں آپ یہ سیکھیں گے کہ گھر بیٹھے آپ اپنی ویب سائٹ سے کس طرح پیسے کما سکتے ہیں، یعنی گوگل اور اسی طرح کی دوسری ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کے ایڈز حاصل کر کے۔

اگر آپ تیار ہیں اور طے کر چکے ہیں تو چلتے ہیں دوسرے سبق کی طرف۔ انٹرنیٹ اور ویب سرور